پنجاب میں ماڈرن سبزی منڈیوں کا نیا نظام نافذ، اب غفلت برتنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں عوام کے لیے خریداری کا ایک نیا اور جدید دور شروع ہوگیا ہے۔ صوبے بھر کی 188 سبزی منڈیوں کو ماڈرن فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں گندگی، بدنظمی اور مافیا کلچر کا خاتمہ کر کے شفاف، محفوظ اور صاف ستھرا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔

ماڈرن سبزی منڈیوں میں اب براہِ راست نیلامی کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے، آکشن شیڈز کو فعال بنا دیا گیا ہے اور ریٹس مکمل طور پر شفاف ہوں گے۔ خریداروں کو بدبو، اندھیرے اور بدانتظامی سے نجات دلانے کے لیے صفائی کا نیا نظام، جدید ویسٹ کلیکشن سسٹم اور نیا سٹاف تعینات کیا گیا ہے۔

ان منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک، ریٹ بورڈز، فنکشنل ٹوائلٹس، صاف پانی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس اور مکمل ڈرینج سسٹم بحال کر دیا گیا ہے۔ ہر مین ہول پر ڈھکن نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال ہونے سے دن رات خریداری کو محفوظ بنا دیا گیا ہے۔

حکومت پنجاب نے سبزی اور پھلوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام بھی شروع کر دیا ہے، جس کے تحت گرین ویسٹ کو بائیو گیس اور پولٹری فیڈ بنانے میں استعمال کیا جائے گا۔ آف سیزن سبزیوں کے حصول کے لیے جدید کاشتکاری کے طریقے اپنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

پنجاب میں پہلی مرتبہ سبزی اور پھلوں کی طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ’’ٹریکنگ آن ویل سسٹم‘‘ نافذ کیا گیا ہے۔ صوبے میں داخل ہونے والے ہر سبزی اور پھل کے ٹرک کی ٹریکنگ سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کر دی گئی ہے۔

پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن سبزی منڈیاں قائم کی جائیں گی جبکہ مری کے عوام کو سستے داموں پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کے لیے سپلائی چین سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جہاں ہول سیل نرخوں پر اشیاء دستیاب ہوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو دھوکا دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غفلت یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ایسے افسران کو نوکری سے فارغ کر کے جیل بھیجنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے وزیر زراعت عاشق کرمانی، معاون خصوصی سلمیٰ بٹ، ڈی جی فوڈ امجد حفیظ اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا جائے گا، وہ خود پھل اور سبزی منڈیوں کے سرپرائز دورے کریں گی، اور پنجاب میں ہونے والے ان شاندار اقدامات کی بدولت دیگر صوبے بھی تقلید پر مجبور ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button