پنجاب میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، درجنوں دیہات زیر آب، سڑکیں تباہ
محکمہ موسمیات کے مطابق چکوال میں ریکارڈ 450 ملی میٹر بارش ہوئی

چکوال (ویب ڈیسک): پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے، چکوال اور جہلم میں درجنوں سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں جبکہ کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چکوال میں ریکارڈ 450 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں 32 سڑکیں تباہ ہو گئیں جبکہ متعدد رابطہ پل بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ طوفانی بارشوں کے بعد صوبے بھر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ منڈی بہاء الدین میں ایک بپھرا ہوا سیلابی ریلا کئی خاندانوں کو اپنی لپیٹ میں لینے والا تھا تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا میں دریا کنارے آباد 40 سے زائد دیہاتوں سے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
جہلم میں بھی شدید بارشوں کے باعث 4 یونین کونسلیں شدید متاثر ہوئیں، درجنوں دیہات کو ملانے والی سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔ مقامی افراد نے مویشیوں کو بچانے کے لیے جہلم پنڈ دادن خان روڈ پر منتقل کر دیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نالہ بہناں پر بند نہ ہونے کی وجہ سے سیلاب آیا ہے۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نالہ بہناں پر بند تعمیر کیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی تباہی سے بچا جا سکے۔
ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم کئی علاقوں میں رسائی مشکل ہو چکی ہے جس کے باعث بحالی کا عمل سست روی کا شکار ہے۔



