پنجاب میں بارشوں کے بعد ہونیوالے جانی نقصان کی وجہ حکومتی نااہلی نہیں قدرتی آفت ہے: مریم نواز
یہ ہدایات انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کی صورتِ حال سے متعلق بریفنگ کے بعد دیں

لاہور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ جہلم، چکوال اور راولپنڈی میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد جمع ہونے والے پانی کی 100 فیصد نکاسی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کی صورتِ حال سے متعلق بریفنگ کے بعد دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران جانی و مالی نقصان کسی غفلت یا نااہلی کا نتیجہ نہیں بلکہ قدرتی آفت کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بروقت اقدامات ممکن ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر 21 جولائی سے قبل ہی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث پنجاب بھر میں مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں سڑکیں اور پل تباہ ہو چکے ہیں۔ متعدد دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں اور معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔



