پاکستان نے بگرام میں اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا،طالبان رجیم کا ایمونیشن سپورٹ کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا،سکیورٹی ذرائع

غضب للحق افغان عوام کے خلاف نہیں صرف دہشت گردی کے خلاف ہے،سکیورٹی ذرائع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے بگرام میں اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا،طالبان رجیم کا ایمونیشن سپورٹ کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بگرام میں اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا، افغان طالبان رجیم کا ایمونیشن سپورٹ کا انفرااسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے۔پاکستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں افغان طالبان رجیم ملوث ہے،آپریشن غضب للحق افغان عوام کے خلاف نہیں صرف دہشت گردی کے خلاف ہے،افغانستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جارہا ہے اور سویلینز کوکہیں پربھی ٹارگٹ نہیں کیاجارہا، ہماری حکمت عملی سویلین نہیں، دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسٹرائیکس میں ٹی ٹی پی کی مڈ لیول کی لیڈر شپ ماری گئی ہے، افغان طالبان رجیم کے خلاف 50 سے زائد اسٹرائیکس کرچکے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق  پاکستانی حکومت کا رول متوازن ہے، آپریشن غضب للحق میں سب کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہےکہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال نہ کرے۔

ذرائع نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 22 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں کام کررہی ہیں، باجوڑ، ترلائی مسجد اور وانا کے واقعات میں افغان طالبان ملوث ہیں۔

ذرائع کے مطابق اب تک پاکستان افغانستان میں ٹی ٹی پی کی 226 چیک پوسٹوں کو تباہ کرچکا ہے اور اب تک 36 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر چکا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کرنا ہوگا، سیاست سے بالاتر ہو کر اس آپریشن کو کامیاب بنانا ہوگا، خیبرپختونخواپولیس کو سیاسی طور پر آزاد کردیا جائے تو وہ اکیلی ہی دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کس کی حکومت آتی ہے، ہمیں اس سےکوئی سروکار نہیں، ہم صرف اور صرف دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، تیراہ میں کوئی لارج اسکیل آپریشن نہیں کر رہے ہیں وہاں صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کررہے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہندوستان کی سرپرستی اور افغانستان رجیم کے باعث پاکستان میں دہشت گردی ہورہی ہے، افغان طالبان رجیم کے فیصلے کوئی اور کر رہا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی بجٹ ایران سے کم ہے لیکن ملٹری پاور دنیا میں سب سے زیادہ ہے، چین ، روس اور امریکا سمیت سب سے اچھے تعلقات ہیں، افغانستان پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اس سے بات ہوتی رہتی ہے۔

 سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہم نےکسی بیان پر کارروائی نہیں کی بلکہ اپنا ٹارگٹ حاصل کیا، اہداف کےحصول تک افغانستان میں ٹارگٹ کرتے رہیں گے۔

ذرائع نے کہا کہ افغانستان ایمپائرز کا قبرستان نہیں پلے گراؤنڈ ہے،ایمپائرز افغانستان آتے ہیں اور اپنا کھیل کھیلتےہیں۔ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی سے دھمکیوں کے پرچے جاری کروائے جارہےہیں،افغانستان ماسٹر پراکسی بن گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہمارا افغانستان کوفتح کرنےکاکوئی ارادہ نہیں، افغان عوام رجیم چینج کا خود فیصلہ کریں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کو دو ٹوک جواب دیا ہے کہ ٹی ٹی پی لیڈرشپ ہمارے حوالےکرو۔

مزید خبریں

Back to top button