وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں کی ہفتہ وار رپورٹس طلب کر لیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پراجیکٹ گیلری کے ہر تحصیل میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تصاویری جائزہ لیا گیا، جبکہ لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام منصوبوں کی مالی اور عملی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کرتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت دی کہ ہر شہر میں جاری منصوبوں کی باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے، انہوں نے مثالی گاؤں منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بھی ہفتہ وار رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیا۔

لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت 51 شہروں میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈی سلٹنگ مشینیں، 46 سیکشن مشینیں، 45 جیٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹس فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویسٹ کنٹینرز اور کوڑا کرکٹ کے ڈرمز کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

مزید برآں، صوبے میں پہلی مرتبہ ایچ ڈی پی ای پائپ لائننگ پلانٹ کی تنصیب کا اعلان کیا گیا، جس پر 20 اپریل سے کام شروع ہوگا جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی ایسا پلانٹ قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پانچ سال کے دوران بھی اتنے منصوبے مکمل نہیں ہوئے جو ہم نے دو سال میں مکمل کیے ہیں، وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ واسا منصوبوں کی جلد تکمیل کے بعد شہروں کی خوبصورتی پر بھرپور توجہ دی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button