لبنان پر اسرائیلی حملے جاری: جاں بحق افراد کی تعداد 52 ہوگئی، 150 سے زائد زخمی

بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک)لبنان میں اسرائیلی فورسز کے مسلسل حملوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 52 ہو گئی جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہیں، صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔

لبنان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں کے بعد 52 افراد جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل لبنانی وزارتِ صحت نے بتایا تھا کہ حملوں میں 31 افراد جان سے گئے اور 149 زخمی ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق دارالحکومت بیروت کے علاقے ضاحیہ میں بھی زور دار دھماکہ ہوا، جو ایران سے منسلک تنظیم حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ امریکی سفارتخانہ بیروت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی شہری لبنان کا سفر نہ کریں، اور جو افراد پہلے سے موجود ہیں وہ کمرشل پروازوں کی دستیابی تک فوری انخلا یقینی بنائیں۔

لبنان اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے پورے خطے کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے جبکہ عالمی برادری کی نظریں اب ممکنہ سفارتی کوششوں پر مرکوز ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button