لاڑکانہ میں منشیات کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، لیڈی پولیس کانسٹیبل سمیت 5 افراد گرفتار

لاڑکانہ: (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ پولیس نے حساس اداروں کی معاونت سے منشیات کے ایک بڑے اور منظم نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لیڈی پولیس کانسٹیبل نازیہ کورائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئی کارروائیوں کے دوران لیڈی پولیس کانسٹیبل نازیہ کورائی، اس کی والدہ فرزانہ، خالد ابڑو، کامران عرف ودھایو ابڑو اور سلیم پتافی کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 کلوگرام سے زائد آئس اور 12 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ لیڈی پولیس کانسٹیبل نازیہ کورائی پولیس وردی کی آڑ میں سندھ کے مختلف اضلاع میں منشیات کی سپلائی میں ملوث رہی۔ پولیس حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کے مزید کرداروں اور روابط کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔



