غیر ملکی ٹیموں کے دورے ، معیاری گراؤنڈ ناگزیر ہیں ، رمیز راجہ

لاہور (این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے کہا ہے کہ چیزیں غیر ملکی ٹیموں کے مطابق نہ ہوں تو وہ دورہ نہیں کریں گی۔غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیشہ دوسرے کرکٹ بورڈز کی سنتا آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا یکطرفہ فیصلہ تھا۔رمیز راجا نے کہا کہ جب مغربی ٹیمیں ایشیا کا دورہ کرتی ہیں تو ایشیائی ٹیمیں گھبراہٹ کا شکار ہوتی ہیں۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ قومی ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے پچز کی حالت سدھارنا سب سے اہم سمجھتے ہیںدوسری جانب کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے40میدانوں میں اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جبکہ پچز کو نئی زندگی دینے کی مہم کا آغاز ہوگیا ۔،پچز کی پرانی مٹی نکال کر نئی ڈالی جارہی ہے تاکہ ان کا مزاج بدلا جاسکے۔نئی مٹی گوجرنوالہ کے نواح میں واقع نندی پور سے لائی جارہی ہے،کیوریٹرز نے ایک تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں اس مٹی کو منتخب کیا ہے، اس سے قبل بھی اسی علاقے کی مٹی پچز کی تیاری کیلیے استعمال ہوتی رہی ہے۔گراؤنڈ اسٹاف پر امید ہے کہ نئی پچز پر مناسب باؤنس موجود ہوگا جس کی وجہ سے کرکٹرز کو بیرون ملک ٹورز میں بہتر کارکردگی دکھانے کیلیے اچھی پریکٹس حاصل ہوسکے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹانک سے لائی جانے والی مٹی کے بھی ٹیسٹ کیے گئے تھے مگر بالآخر نندی پور کی مٹی کو ہی ترجیح دی گئی، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آسٹریلیا سے آئندہ ماہ موصول ہونے والی مٹی صرف لاہور اور کراچی سینٹرز کیلیے استعمال ہوگی لیکن دیگر گراؤنڈز کی پچز کا بھی آسٹریلوی کیوریٹر معائنہ کرکے تجاویز پی سی بی کو دینے کے ساتھ مقامی اسٹاف کی رہنمائی بھی کریں گے۔



