سڈنی :سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کا کرکٹ کیریئر ختم ہونے کا امکان

سڈنی (آئی این پی)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹم پین کا کرکٹ کیرئیر ختم ہونیکا امکان ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق تسمانیہ نے وکٹ کیپر بیٹر ٹم پین کو نیا کنٹریکٹ نہیں دیا۔ آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹم پین اب کوچ کے طور پر کرکٹ سے منسلک رہنے کے خواہشمند ہیں۔ خیال رہے کہ 37 سالہ ٹم پین گزشتہ برس ٹیکسٹنگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد قیادت سے دست بردار ہوگئے تھے اور کھیل سے غیر معینہ مدت کے لیے "ذہنی صحت کا وقفہ” لیا۔۔ فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو ٹم پین کی جگہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ٹم پین پر ایک سابق کرکٹ تسمانیہ ریسپشنسٹ نے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے چار سال قبل انہیں جنسی طور پر واضح پیغامات بھیجے تھے لیکن کرکٹر نے کہا کہ وہ دونوں جانب سے رضامندی ظاہر کیے جانے کے بعد بھجے گئے تھے۔ ٹم پین کو 2018 میں انٹرنل تفتیش کے ذریعے کلیئر کر دیا گیا تھا جو پچھلے سال کے آخر تک عوام کے سامنے نہیں آئی تھی ۔ ٹم پین پر الزام لگانے والی رینی فرگوسن نے کرکٹ تسمانیہ کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا دعوی شروع کر دیا ہے۔ فرگوسن پر کرکٹ تسمانیہ سے رقم چوری کرنے کا الگ سے الزام ہے اور ان کا مقدمہ ہوبارٹ کی عدالت میں ہے۔ وہ الزامات کی تردید کرتی ہیں۔



