سپر اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان کی صحت مزید بگڑ گئی، دماغی سرجری کا امکان

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اسکرین رائٹر اور سلمان خان کے والد سلیم خان کی صحت مزید بگڑ گئی ہے، جس کے بعد دماغی سرجری کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اچانک بلڈ پریشر بڑھنے کے باعث سلیم خان کے دماغ کے دائیں حصے میں خون کی شریان متاثر ہوئیں۔ وہ اس وقت وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں، اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی حالت کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سلیم خان کو دو روز قبل ممبئی کے لیلاوتی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تھا، اور طبیعت مزید خراب ہونے پر فوری طور پر آئی سی یو منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر سلمان خان اسپتال کے باہر موجود تھے، لیکن میڈیا سے بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ سلیم خان بھارتی فلمی صنعت کے مایہ ناز مصنف ہیں، جنہوں نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر کئی کلاسک فلمیں تخلیق کیں، جن میں ہاتھی میرے ساتھی، شعلے، زنجیر اور مسٹر انڈیا شامل ہیں۔
سلیم خان نے 24 نومبر 2025 کو اپنی 90 ویں سالگرہ منائی تھی اور طویل عرصے سے بھارتی فلمی دنیا میں معتبر مقام رکھتے ہیں۔ ان کی علالت کی خبر کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔



