سپریم کورٹ نے 9 مئی مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی
یاد رہے کہ عمران خان نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد مظاہروں سے متعلق مختلف مقدمات میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے وکیل سلمان صفدر نے التواء کی درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت اگلے ہفتے سماعت کی نئی تاریخ دے اور نوٹسز بھی جاری کرے۔
تاہم عدالت عظمیٰ نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ عمران خان نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد مظاہروں سے متعلق مختلف مقدمات میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے۔ ان مقدمات میں لاہور کے جناح ہاؤس پر حملے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور عسکری تنصیبات پر دھاوا بولنے جیسے الزامات شامل ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ ان درخواستوں کو مسترد کر چکی ہے، جس کے بعد عمران خان نے اپیلیں سپریم کورٹ میں دائر کی تھیں۔



