دریائے جہلم میں پانی کی سطح بلند، سرگودھا کی تین تحصیلوں کے 40 دیہات خالی کرا لیے گئے

متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم

اسلام آباد (ویب ڈیسک): دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے باعث ضلع سرگودھا کی تین تحصیلوں بھیرہ، شاہپور اور چھوٹا ساہیوال کے 40 دیہات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو پناہ، خوراک، پینے کا پانی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق 200 سے زائد ریسکیو اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ دریا کے کنارے آباد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم میں لنگر والا کے مقام پر 21 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث دریا کے اطراف ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

عوام کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے تمام محکمے الرٹ ہیں، جبکہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کی جانب سے بھی امدادی کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد اور جانوروں کی دیکھ بھال میسر آ سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں قریبی کیمپ یا ریسکیو ٹیم سے فوری رابطہ کریں۔

مزید خبریں

Back to top button