جنوبی امریکہ میں تین ہزار سال قدیم شہر دریافت

تاریخی شہر "پینیکو" کے آثار کو عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ

لیما (ویب ڈیسک): جنوبی امریکی ملک پیرو میں ماہرین آثارِ قدیمہ نے ہزاروں سال پرانے ایک تاریخی شہر "پینیکو” کے آثار کو عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پیرو کی وزارتِ ثقافت کے مطابق یہ قدیم شہر دارالحکومت لیما کے شمال میں صوبہ ہواورا میں واقع ہے، جہاں چند برس قبل کھدائی کے دوران اس کے آثار دریافت ہوئے تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ شہر تقریباً اٹھارہ سو برس قبل مسیح میں آباد کیا گیا تھا اور اپنے وقت میں یہ ایک اہم تجارتی اور سماجی مرکز تھا۔

ماہرین نے بتایا کہ اس مقام پر گزشتہ آٹھ برس سے کھدائی اور تحفظ کا عمل جاری تھا، جس کے بعد اب اسے سیاحوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ اب تک یہاں اٹھارہ عمارتوں کے آثار مل چکے ہیں جن میں رہائشی مقامات اور عوامی استعمال کی عمارتیں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق یہ شہر سطحِ سمندر سے چھ سو میٹر بلندی پر واقع تھا، جس کی وجہ سے یہ پہاڑی اور ساحلی آبادیوں کو جوڑنے میں مرکزی کردار ادا کرتا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شہر کا اثر و رسوخ اُس وقت بڑھا جب علاقے کی قدیم ترین تہذیب "کارال” زوال کا شکار ہوئی۔

وزارتِ ثقافت نے بتایا ہے کہ اس مقام پر سیاحوں کے لیے رہنمائی اور معلومات فراہم کرنے کے مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی و غیر مقامی زائرین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

ماہرین کو امید ہے کہ یہ مقام نہ صرف قدیم تاریخ کے رازوں سے پردہ اٹھائے گا بلکہ مقامی سیاحت کو بھی فروغ دے گا۔

مزید خبریں

Back to top button