تھر کانفرنس و کلائمیٹ فیسٹیول2025میں ایس ایس پی تھرپارکر کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا

مٹھی (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)تھرکانفرنس و کلائمیٹ فیسٹیول2025کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی سطح پر پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں، ماہرین اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن کو ضلع تھرپارکر میں امن و امان کے قیام، عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ ان کی مؤثر قیادت اور عوام دوست حکمتِ عملی کو شرکاء نے سراہا۔اپنے خطاب میں ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے کہا کہ عوام کی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مقامی برادری، نوجوانوں اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھرپارکر میں پائیدار ترقی، امن و امان اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔آخر میں منتظمین کی جانب سے مہمانانِ گرامی اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا گیا۔



