بھارتی کرکٹر پر شادی کا جھانسہ دیکر خاتون سے زیادتی کا الزام

خاتون نے ریاستی وزیراعلیٰ کے آن لائن پورٹل پر باضابطہ شکایت جمع کرائی ہے

نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک): بھارتی کرکٹر یش دیال ایک سنگین تنازع کا شکار ہو گئے ہیں، جب کہ غازی آباد کی ایک خاتون نے ان پر شادی کا جھانسہ دے کر ذہنی اور جسمانی استحصال کا الزام عائد کر دیا ہے۔

خاتون نے ریاستی وزیراعلیٰ کے آن لائن پورٹل پر باضابطہ شکایت جمع کرائی ہے اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں مؤقف اپنایا کہ ان کے یش دیال کے ساتھ گزشتہ پانچ سال سے قریبی تعلقات تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کرکٹر نے شادی کا جھانسہ دے کر ان کا جذباتی، ذہنی اور جسمانی استحصال کیا اور بعد میں علم ہوا کہ وہ دیگر خواتین سے بھی اسی نوعیت کے تعلقات رکھتے ہیں۔

خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس تعلق کے دوران ذہنی اور جسمانی طور پر ہراسانی کا نشانہ بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے 14 جون کو ویمن پولیس ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائی تھی، تاہم مقدمہ درج نہ ہونے پر وہ مجبوراً معاملہ لے کر ریاستی وزیر اعلیٰ کے پورٹل پر پہنچیں۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے پاس یش دیال کے ساتھ ہونے والی چیٹ، ویڈیو کالز، تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی موجود ہیں، جو ان کے دعوے کو ثابت کرتے ہیں۔

— فوٹو: ٹیلی گرام انڈیا

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ یش دیال کے خلاف جلد اور غیرجانبدرانہ تحقیقات عمل میں لائی جائیں، تاکہ صرف انہیں ہی نہیں بلکہ دیگر خواتین کو بھی انصاف مل سکے، جو اس طرح کے تعلقات کا شکار بنتی ہیں۔

واضح رہے کہ 26 سالہ فاسٹ باؤلر یش دیال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کی فاتح ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کا حصہ تھے اور ٹورنامنٹ میں 15 میچز میں 13 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ ڈومیسٹک سطح پر اترپردیش کی نمائندگی کرتے ہیں۔

تاحال کرکٹر یش دیال یا ان کے نمائندوں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button