اوکاڑہ میں امن امان کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا کردار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے،عثمان جاوید

اوکاڑہ(رپورٹ وحید آرائیں /جانو ڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ ضلع اوکاڑہ میں امن امان کے قیام کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے امن و آشتی کی فضا کو برقرار رکھنے میں تمام مسالک کے علما کرام کی باہمی الفت و محبت اور اتفاق و اتحاد قابل تقلید ہے ہمیں اپنے اندار اتفاق و اتحاد کو اور مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسدا عجاز ملہی،ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ،ممبران امن کمیٹی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھیں ہمیں اپنے ملک کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے ہیں دہشت گردی،فتنہ انگیزوں اور شر پسندوں کو ہمیں اپنی صفوں سے الگ کرنا ہو گا تاکہ ایک پر امن معاشرہ کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسدا عجاز ملہی نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں محکمہ پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور مساجد کی سکیورٹی سمیت عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ممبران امن کمیٹی،علما کرام نے امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ضلع اوکاڑہ میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر ماہ صیام،عیدا الفطر کی آمد کے سلسلہ میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ممبران امن کمیٹی نے اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس میں خطہ میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں افواج پاکستان کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا اجلاس کے اختتام پر ملکی امن و سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی



