اسد قیصر کا عمران خان کے پیغامات پر شکوک کا اظہار

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پارٹی کی موجودہ پالیسیوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارٹی کی موجودہ پالیسیوں سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے بانی چیئرمین عمران خان کے پیغامات کی صداقت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام دوسرا رخ میں میزبان نادر گرمانی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے انکشاف کیا کہ پارٹی میں پالیسی سازی کے عمل میں اب ان کا کوئی کردار نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں پالیسی سازی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور ہم اس عمل سے الگ ہو چکے ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد صرف پیغامات موصول ہوتے ہیں، لیکن یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ پیغامات واقعی عمران خان کے ہی ہیں یا کسی اور کی طرف سے مرتب کردہ۔ ان کے بقول، ہمیں نہیں معلوم کہ وہ بیانات مستند ہیں یا نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ پارٹی فیصلوں میں ان کی کوئی شمولیت نہیں کیونکہ عمران خان سے ان کا براہ راست رابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، جب مجھے کچھ معلوم ہی نہیں تو میں کسی فیصلے کا حصہ کیسے ہو سکتا ہوں؟

اس بیان نے پی ٹی آئی کی اندرونی قیادت میں جاری اختلافات اور عدم رابطے کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پارٹی مختلف قانونی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button