آسمان پر دو نئے ستاروں کا ظہور، ماہرین فلکیات حیران
یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے

کائنات میں دُور دراز کہکشاؤں میں ہونے والے طاقتور دھماکوں کے باعث آسمان پر اچانک دو نئے ستارے نمودار ہو گئے، جنہیں زمین سے بغیر دوربین کے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ایک ہی وقت میں ایسے دو روشن ستارے، جنہیں نووا کہا جاتا ہے، بیک وقت ظاہر ہوئے ہیں۔ یہ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ ان کی روشنی زمین تک پہنچی اور انسانی آنکھ سے واضح دیکھی جا سکتی ہے۔
پہلا ستارہ جسے "وی چار سو باسٹھ لوپی” کا نام دیا گیا ہے، بارہ جون کو جھرمٹ "لوپس” میں دیکھا گیا۔ اس ستارے کی روشنی اس دھماکے سے پہلے موجودہ روشنی سے تیس لاکھ گنا کم تھی۔
دوسرا ستارہ جسے "وی پانچ سو بہتر ویلورم” کہا جا رہا ہے، پچیس جون کو جھرمٹ "ویلا” میں ظاہر ہوا۔ یہ دونوں ستارے نہایت فاصلے پر موجود ہیں، لیکن ان کے دھماکے اس قدر طاقتور تھے کہ ان کا اثر زمین تک آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر سال میں ایک نووا ظاہر ہوتا ہے، مگر اس بار بیک وقت دو ستاروں کا یوں روشن ہونا ایک غیر معمولی واقعہ ہے جس نے فلکیاتی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
فلکیات کے ماہرین ان ستاروں پر تحقیق کر رہے ہیں تاکہ ان کے ظہور کی وجوہات، نوعیت اور اثرات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔ ان دھماکوں کو کائناتی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



