پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارتی ویزے کی منظوری، ایشیا کپ میں شرکت کی راہ ہموار

پاکستان کی جانب سے این او سی کا انتظار

نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک): بھارتی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ایشیا کپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم رواں سال بھارت کے شہر راجگیر، ریاست بہار میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔ اس سلسلے میں بھارت کی وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور وزارت کھیل کی جانب سے باضابطہ منظوری دی گئی ہے، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی بھارت روانگی کی راہ میں بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ بھارتی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ایونٹس میں کسی ٹیم کی شرکت پر اعتراض نہیں، تاہم دو طرفہ سیریز کا معاملہ مختلف نوعیت رکھتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے این او سی کا انتظار

ادھر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے قومی این او سی کی درخواست کی ہے تاکہ ٹیم کو بھارت روانگی کی اجازت دی جا سکے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 12 جون کو موصول ہونے والی درخواست کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ذریعے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو ارسال کیا ہے۔

ترجمان اسپورٹس بورڈ کے مطابق، بھارت میں 25 اگست سے 7 ستمبر تک ہونے والا ایشیا ہاکی کپ دراصل ہاکی ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہے، اور حکومت سے یہ رہنمائی مانگی گئی ہے کہ آیا ٹیم بھارت بھیجی جا سکتی ہے یا نہیں۔

دونوں ممالک میں کھیلوں کے تعلقات محدود

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کھیلوں کے روابط طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہیں، تاہم بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کا معاملہ مختلف اصولوں اور عالمی اداروں کی رہنمائی کے تحت طے کیا جاتا ہے۔

اب جب کہ بھارت نے ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، قومی ٹیم کی شرکت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، تاہم پاکستان کی جانب سے این او سی کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button