نئی تحقیق میں انکشاف، پودے آوازیں نکالتے ہیں اور کیڑے ان پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں
یہ تحقیق ابھی شروعات ہے

لندن (ویب ڈیسک): سائنس کی دنیا میں حیران کن دریافت، ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ پودے نہ صرف آوازیں نکالتے ہیں بلکہ کیڑے مکوڑے ان آوازوں کو سن کر ردعمل بھی دیتے ہیں۔
بین الاقوامی ماہرین کی تحقیق کے مطابق جب پودے دباؤ، خاص طور پر پانی کی کمی یا کسی اور بیرونی صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں، تو وہ ایسی مخصوص آوازیں خارج کرتے ہیں جو انسانی کان نہیں سن سکتے لیکن کئی حشرات، خاص طور پر مادہ پتنگے، ان آوازوں کو محسوس کرکے اس کے مطابق رویہ اختیار کرتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹماٹر کے پودے جب پانی کی قلت کا شکار ہوتے ہیں تو وہ مخصوص الٹرا ساؤنڈ خارج کرتے ہیں۔ ماہرین نے تجربے کے دوران دو پودے استعمال کیے، ایک پودے کے قریب ایسا اسپیکر لگایا گیا جو خشک ٹماٹر کے پودے کی ریکارڈ شدہ آوازیں نشر کر رہا تھا، جبکہ دوسرا پودا بالکل خاموش تھا۔ مشاہدے میں آیا کہ مادہ پتنگے نے انڈے دینے کے لیے خاموش پودے کو منتخب کیا۔
تحقیق کے مرکزی ماہرین پروفیسر یوسی یوویل اور لیلاخ ہادانی کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ پودے اور کیڑے کے درمیان ’صوتی رابطے‘ کا براہِ راست ثبوت ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دریافت قدرت کے پوشیدہ نظام کو سمجھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کیڑے پودوں کی آوازوں سے ان کی حالت سمجھ سکتے ہیں، تو اس ٹیکنالوجی کے ذریعے کسان بھی فصلوں کی صحت کا اندازہ لگا سکیں گے۔ فصلوں کے ساتھ جڑے خطرات کی پیشگی شناخت اور کیڑوں کی آمد کی بروقت اطلاع بھی ممکن ہو سکے گی۔
پروفیسر ہادانی کے بقول یہ تحقیق ابھی شروعات ہے، ممکن ہے مستقبل میں معلوم ہو کہ کئی جانور بھی پودوں کی آوازوں پر ردعمل دیتے ہیں۔ یہ دریافت زراعت کے شعبے میں نئی راہیں کھولنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔



