مہوش حیات کیسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں؟
اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں صنفی امتیاز پر بھی کھل کر تنقید کی

کراچی (شوبز ڈیسک): پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل مہوش حیات نے حالیہ انٹرویو میں شادی، کیریئر اور شوبز انڈسٹری کے دوہرے معیار پر کھل کر بات کرتے ہوئے شادی کو ’جوا‘ قرار دے دیا۔
بین الاقوامی پروجیکٹس میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی مہوش حیات کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے ادارے کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، لیکن اسے ایک بڑا فیصلہ سمجھتی ہیں، جس میں کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رومانوی مزاج ضرور رکھتی ہیں، مگر حقیقت پسند بھی ہیں اور زندگی میں ایسا ساتھی چاہتی ہیں جو سکون اور اعتماد دے۔
مہوش حیات نے واضح کیا کہ شادی ایک ایسا قدم ہے جس میں کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں، اسی لیے وہ اسے ’جوا‘ سمجھتی ہیں اور تب تک یہ فیصلہ نہیں کریں گی جب تک مکمل اطمینان نہ ہو۔
اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں صنفی امتیاز پر بھی کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مرد اداکاروں کو عمر کے بڑھنے کے باوجود نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کی آزادی حاصل ہے، جبکہ خواتین کو صرف ان کی عمر کی بنیاد پر محدود کر دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق مغربی اور بالی ووڈ انڈسٹری میں عمر کے بجائے فٹنس اور صلاحیت کو اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ پاکستان میں یہ سوچ اب بھی تبدیل نہیں ہو سکی۔
مہوش حیات نے انٹرویو میں ہدایتکاری کے میدان میں آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور بتایا کہ وہ ڈراموں کے سیٹ پر ہدایتکاروں کے اندازِ کار کو بغور دیکھتی ہیں تاکہ مستقبل میں خود بطور ہدایتکارہ ایک منفرد مقام حاصل کر سکیں۔
اداکارہ کے ان خیالات نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی، جہاں ان کے مداحوں نے ان کے حقیقت پسندانہ انداز کو سراہا ہے۔



