معروف ٹک ٹاکر لاہور سے گرفتار

ان کے ہمراہ موجود 13 مسلح گارڈز بھی زیر حراست لے لیے گئے

لاہور (ویب ڈیسک): معروف سوشل میڈیا شخصیت اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ان کے ہمراہ موجود 13 مسلح گارڈز بھی زیر حراست لے لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی تھیں جن میں کاشف ضمیر اپنے باوردی اور مسلح گارڈز کے ساتھ نمایاں طور پر نظر آ رہے تھے۔ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سی سی ڈی میں اسلحہ کی نمائش اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیے۔

سی سی ڈی اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کاشف ضمیر اور ان کے 13 سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ گرفتاری کے بعد کاشف ضمیر کا ایک ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ اعتراف جرم کرتے ہوئے معافی مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ کاشف ضمیر ماضی میں بھی متعدد قانونی معاملات اور مقدمات کی زد میں آ چکے ہیں اور انہیں پہلے بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔ تازہ گرفتاری سے ایک بار پھر ان کی متنازع شہرت اور سوشل میڈیا سرگرمیوں پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button