شدید طوفان کی وجہ سے پراسرار چیز زمین پر گئی، خوف و ہراس

علاقے کے مکین حیرت اور خوف میں مبتلا

انڈیاناپولس (ویب ڈیسک): امریکی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیاناپولس کے مشرقی علاقے میں شدید طوفان کے دوران ایک پراسرار دھاتی گنبد نما شے اچانک آسمان سے گر گئی جس نے علاقے کے مکینوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طوفانی ہوائیں شہر سے گزر رہی تھیں۔ تیز رفتار جھکڑوں کے باعث ایک بڑا گنبد، جو دراصل موسمی ریڈار اینٹینا کا حفاظتی ڈھانچہ تھا، اپنی جگہ سے اُکھڑ کر ایک رہائشی سڑک پر جا گرا۔

یہ گنبد نارتھ پاساڈینا اسٹریٹ کے قریب گرا جہاں لوگوں نے اسے دیکھتے ہی موبائل فون نکال لیے اور سیلفیاں بنانا شروع کر دیں۔ کچھ ہی دیر بعد ایک نجی کمپنی نے اس گنبد کی ملکیت تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کے موسمیاتی ریڈار کا حصہ ہے تاہم وہ بھی حیران ہیں کہ یہ شے اتنی دور تک کیسے پہنچ گئی۔

خوش قسمتی سے گنبد کے گرنے سے کسی شخص کو کوئی چوٹ یا جانی نقصان نہیں پہنچا۔ گنبد پر معمولی ڈینٹ اور خراشیں تو دیکھی گئیں لیکن مجموعی طور پر یہ سالم رہا۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اچانک ایک دھماکے جیسی آواز سنائی دی جس سے انہیں لگا کہ شاید کوئی بم پھٹا ہے یا آسمان سے کچھ گر پڑا ہے۔ اس واقعے نے اہلِ علاقہ میں ایک حد تک تشویش پیدا کر دی ہے خاص طور پر ایسے طوفانی حالات میں شہریوں کی حفاظت اور بنیادی ڈھانچے کی پائیداری کے حوالے سے۔

واقعے کی اطلاع مقامی انتظامیہ کو دے دی گئی ہے اور طوفانی موسم میں آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے ممکنہ حفاظتی اقدامات پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button