شاہد آفریدی اور اجے دیوگن کی ملاقات پر بھارت میں خوفناک ہنگامہ

یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت تعلقات میں تناؤ پایا جا رہا ہے

برمنگھم (انٹرٹینمنٹ ڈیسک): سوشل میڈیا پر پاکستان کے سابق کرکٹ اسٹار شاہد خان آفریدی اور بھارتی اداکار اجے دیوگن کی ایک تصویر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دونوں شخصیات کو اسٹیڈیم میں خوشگوار موڈ میں ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم اس تصویر کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پیش کر کے غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔

تصویر میں اجے دیوگن کو شاہد آفریدی سے گرمجوشی سے مصافحہ کرتے اور خوش مزاجی سے بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر پر بھارتی انتہا پسند حلقوں کی جانب سے شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے اور اجے دیوگن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

تاہم یہ تصویر حالیہ دنوں کی نہیں بلکہ گزشتہ برس کی ہے، جب برمنگھم میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے دوران دونوں کی ملاقات ہوئی تھی۔ اسے اب ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل کیا گیا ہے جب لندن میں شیڈول پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ حالیہ سیاسی کشیدگی کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ پرانی تصویر کو حالیہ تناظر میں وائرل کرنا ایک سوچے سمجھے پروپیگنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد بھارتی عوام میں اشتعال پیدا کرنا ہے۔

یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت تعلقات میں تناؤ پایا جا رہا ہے، جس کے باعث برمنگھم میں ہونے والا متوقع مقابلہ منسوخ ہو گیا، تاہم پرانی تصاویر کے ذریعے جذبات کو ابھارنے کی یہ نئی مہم سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بن رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button