رجب بٹ نے پاکستان چھوڑ دیا، وی لاگنگ سے عارضی کنارہ کشی کا اعلان

اپنے حالیہ ٹک ٹاک لائیو سیشن میں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے وی لاگنگ سے وقتی طور پر وقفہ لیا ہے

لاہور (ویب ڈیسک): معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا شخصیت رجب بٹ نے حالیہ تنازع اور ان کے خلاف عدالتی کارروائی کے بعد پاکستان سے بیرونِ ملک روانگی اختیار کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وقتی طور پر وی لاگنگ سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کیا ہے۔

رجب بٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا مواد میں اسلامی شخصیات کی توہین کی، جس پر لاہور ہائی کورٹ میں ان کے خلاف باقاعدہ درخواست دائر کی گئی ہے۔

اپنے حالیہ ٹک ٹاک لائیو سیشن میں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے وی لاگنگ سے وقتی طور پر وقفہ لیا ہے، تاہم وہ ٹک ٹاک پر لائیو سیشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اپنی موجودہ لوکیشن تو ظاہر نہیں کی، لیکن دبئی اور پاکستان کے وقت کا حوالہ دے کر بیرونِ ملک موجودگی کا عندیہ ضرور دیا۔

رجب بٹ نے کہا کہ وہ اب اپنی والدہ کی اجازت کے بغیر کوئی نیا وی لاگ اپ لوڈ نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق ان کی والدہ موجودہ حالات سے شدید پریشان ہیں اور انہوں نے بیٹے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے خود انہیں ایئرپورٹ تک رخصت کیا۔

یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ وہ وی لاگنگ کو مکمل طور پر خیرباد نہیں کہہ رہے، بلکہ فی الحال حالات کے بہتر ہونے کا انتظار کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس معاملے پر وضاحت کے لیے کچھ ویڈیوز ریکارڈ کر چکے ہیں، جو مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ رجب بٹ پاکستان میں ایک مقبول وی لاگر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کے لاکھوں فالوورز ہیں، تاہم حالیہ تنازع نے ان کے کیریئر کو نیا موڑ دے دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button