حارث رؤف انجری سے مکمل صحتیاب

قومی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو تقویت ملنے کی امید پیدا ہو گئی

لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستانی فاسٹ بالر حارث رؤف نے ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ایک بار پھر باقاعدہ بولنگ کا آغاز کر دیا ہے، جس سے قومی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو تقویت ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حارث رؤف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری تربیتی سیشن کے دوران دس دن کے وقفے کے بعد دوبارہ رن اپ لے کر گیند کروانی شروع کی ہے۔ کوچز اور طبی عملے کی نگرانی میں ان کا بحالی پروگرام مکمل احتیاط سے جاری ہے۔

یاد رہے کہ امریکی میجر لیگ کرکٹ کے دوران حارث رؤف کو ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ اس انجری نے انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز سے بھی دور رکھا۔ تاہم اب ان کی مکمل صحتیابی کی خبر ٹیم مینجمنٹ اور شائقین کے لیے خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر ان کی فٹنس کا معیار اسی رفتار سے بہتر ہوتا رہا تو وہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف متوقع سیریز کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کی واپسی سے بولنگ لائن میں نئی جان آئے گی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دیگر فاسٹ بولرز فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button