بھارتی اداکارہ شیفالی جریوالہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں

مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی

ممبئی (ویب ڈیسک): مشہور بھارتی ماڈل، رئیلیٹی ٹی وی اسٹار اور گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت پانے والی شیفالی جریوالہ 42 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سے بھارتی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیفالی جریوالہ کو گزشتہ شب اچانک دل کا دورہ پڑا، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

سیکیورٹی گارڈ نے واقعے کی تفصیلات بیان کیں

اداکارہ کی رہائشی سوسائٹی کے سیکیورٹی گارڈ شتروگھن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً ساڑھے 10 بجے شیفالی کو اسپتال لے جایا گیا۔ اس سے کچھ دیر قبل رات 9 بجے کے قریب ان کے شوہر پیراگ تیاگی موٹر سائیکل پر سوسائٹی آئے، اور گارڈ نے خود ان کے لیے گیٹ کھولا۔

گارڈ کے مطابق ایک روز قبل شام کے وقت شیفالی اور ان کے شوہر اپنے پالتو کتے کے ساتھ سوسائٹی میں چہل قدمی کرتے بھی دیکھے گئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اداکارہ کو اسپتال لے جانے کے بعد فوراً ہی پولیس اور فارنزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ سوسائٹی کے باہر دو موبائل فارنزک یونٹس کی گاڑیاں موجود رہیں۔

گارڈ نے کہا کہ شیفالی کی موت کی خبر سب سے پہلے ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے دی جو ان کا دوست معلوم ہوتا تھا، اس نے آ کر بتایا کہ ’’میڈم اب نہیں رہیں‘‘۔ اس اطلاع پر سوسائٹی کے لوگ حیران اور افسردہ رہ گئے کیونکہ ایک روز قبل ہی وہ خوش و خرم نظر آ رہی تھیں۔

سابقہ بیماری کا انکشاف

شیفالی جریوالہ نے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 15 برس کی عمر میں مرگی (ایپیلپسی) کا دورہ پڑا تھا، جو کہ تعلیمی دباؤ کی وجہ سے ہوا تھا۔ وہ ماضی میں اس بیماری کے خلاف بھی جدوجہد کرتی رہی تھیں۔

شہرت کی بلندی

شیفالی 2002 میں اپنے مشہور گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔ اس کے بعد انہوں نے ’نچ بلیے‘ اور ’بگ باس 13‘ جیسے مشہور رئیلیٹی شوز میں بھی شرکت کی۔

ان کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اور مداحوں کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ کی آخری رسومات سے متعلق تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button