بولی وڈ اسٹار بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے، دلجیت دوسانجھ کی ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ فلم سردار جی تھری کو بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کیا جا رہا ہے

ممبئی (ویب ڈیسک): بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ بولی وڈ میں کام کرنے کی خواہش سے انکار کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں دلجیت کہہ رہے ہیں کہ نہ انہیں بولی وڈ اسٹار بننے کا شوق ہے اور نہ ہی وہاں کام کرنے کی کوئی تمنا ہے۔
دلجیت دوسانجھ کو حالیہ دنوں میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فلم سردار جی تھری میں کام کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد بھارتی فلم سازوں اور تنظیموں نے دلجیت کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر دلجیت دوسانجھ نے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم کی بیرون ملک ریلیز پر اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب فلم کی شوٹنگ کی گئی تو حالات معمول کے مطابق تھے۔ تاہم بعد میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے جو ان کے قابو سے باہر تھے۔
دلجیت کا کہنا تھا کہ فلم کے پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا ہے کہ سردار جی تھری کو بیرون ملک ریلیز کیا جائے گا کیونکہ اس پر بھاری سرمایہ خرچ کیا گیا ہے اور وہ اس فیصلے میں پروڈیوسرز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب دلجیت کی چار سال پرانی ایک انٹرویو ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ انہیں صرف موسیقی سے محبت ہے اور وہ گلوکاری کو اپنا اصل میدان سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بغیر کسی بڑے نام کی منظوری کے گانے بناتے رہیں گے۔
ویڈیو میں دلجیت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوئی انہیں موسیقی تخلیق کرنے سے نہیں روک سکتا۔ جب تک وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ کچھ نیا اور اچھا کر سکتے ہیں وہ کرتے رہیں گے اور جب تک خدا چاہے گا وہ گاتے رہیں گے چاہے انہیں بولی وڈ میں کام ملے یا نہیں۔
واضح رہے کہ فلم سردار جی تھری کو بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کیا جا رہا ہے جبکہ بھارت میں اس کی ریلیز فی الحال تعطل کا شکار ہے۔



