اداکارہ میرا کی برطانوی ہائی کمشنر سے ویزا جاری کرنے کی اپیل، بہن کے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف

اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی بہن شدید علیل ہیں

لاہور (ویب ڈیسک): معروف اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت اور پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ ان کے ویزا کیس پر میرٹ کی بنیاد پر غور کرتے ہوئے انہیں برطانیہ کا ویزا جاری کیا جائے، تاکہ وہ اپنی بیمار بہن کی عیادت کے لیے جا سکیں۔

اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی بہن شدید علیل ہیں اور کینسر جیسے موذی مرض سے لڑ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان کی بہن کے ساتھ ایک دو سالہ بیٹی بھی ہے جس کی دیکھ بھال کے لیے ان کی موجودگی ضروری ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد اور لندن میں تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کرا دی ہیں، لیکن نامعلوم وجوہات اور غلط فہمی کی بنیاد پر ان کے کیس میں پیش رفت نہیں ہو رہی۔

میرا نے کہا کہ ماضی میں ایک غلط فہمی کی وجہ سے ان پر برطانیہ میں داخلے کی پابندی عائد کی گئی تھی، جو اب ختم ہو چکی ہے، تاہم اس پابندی کے بعد بھی ان کی بارہا درخواستوں پر توجہ نہیں دی جا رہی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے برطانیہ کے ویزے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں اور اب ان کے لیے ویزا حاصل کرنا ایک ذاتی نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کا مسئلہ بن چکا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں میرا کی والدہ اور برطانیہ میں مقیم بہن نے انکشاف کیا تھا کہ میرا پر دس سال تک برطانیہ داخلے کی پابندی عائد رہی، جو مبینہ طور پر انگریزی زبان میں غلط گفتگو کی وجہ سے لگی تھی، تاہم اب یہ پابندی ختم ہو چکی ہے۔

اداکارہ میرا نے برطانوی ہائی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ان کے کیس کو ہمدردی اور میرٹ کی بنیاد پر دیکھا جائے تاکہ وہ اپنی بہن کے ساتھ مشکل وقت میں موجود ہو سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button