اداکارہ عمارہ چوہدری کا کراچی میں تنہا رہنے کا خوفناک تجربہ

اداکارہ نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے

کراچی (شوبز ڈیسک): معروف پاکستانی اداکارہ عمارہ چوہدری نے کراچی میں اکیلے رہنے کے دوران پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے تجربے کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے کورونا کے دوران تنہائی اور بے بسی کا سامنا کیا۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمارہ چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں کئی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ملازمت یا تعلیم کے سلسلے میں تنہا رہائش اختیار کرتے ہیں، مگر اکیلے رہنا بظاہر جتنا آسان لگتا ہے، حقیقت میں اتنا ہی مشکل اور تکلیف دہ ہوتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے، جہاں ان کا خاندان مقیم ہے، لیکن شوبز مصروفیات کے باعث وہ کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے بعد جب انسان گھر واپس آتا ہے اور تنہا ہوتا ہے تو اپنوں کی کمی بری طرح محسوس ہوتی ہے، خاص طور پر بیماری کے دوران۔

اپنے ایک خوفناک تجربے کا تذکرہ کرتے ہوئے عمارہ چوہدری نے بتایا کہ دو سال قبل وہ کورونا وائرس کا شکار ہوئیں اور اس دوران وہ کراچی میں اکیلی تھیں۔ بیماری کے اگلے ہی روز وہ پورا دن بے ہوش رہیں اور کسی کو ان کے حال کی خبر نہ ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ جب کئی گھنٹے تک گھر والوں کا ان سے رابطہ نہ ہو سکا تو انہوں نے مکان مالک سے رابطہ کیا۔ مالک مکان نے کسی کو فلیٹ بھیجا، دروازہ کھٹکھٹایا گیا جس پر وہ ہوش میں آئیں۔ ہوش میں آنے پر دیکھا کہ گھر والوں کی جانب سے موبائل پر متعدد کالز آ چکی تھیں جبکہ اہل خانہ ان کی حالت سے پریشان ہو کر کراچی کے لیے فوری ٹکٹ بک کروا چکے تھے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مکان مالک کو بھی یہی گمان تھا کہ وہ لاہور جا چکی ہیں، لیکن گھر والوں کی کال پر ہی فلیٹ کا دروازہ بجایا گیا جس کے نتیجے میں ان کی جان بچ سکی۔

عمارہ چوہدری نے تنہا رہنے والے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اردگرد موجود افراد سے رابطے میں رہا کریں اور اپنی صحت و خیریت کے بارے میں قریبی لوگوں کو ضرور آگاہ رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں بروقت مدد حاصل کی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button