اداکارہ حمیرا اصغر کیس میں پولیس کی اہم پیش رفت، الیکٹرانک آلات سے ڈیٹا حاصل

یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش رواں ہفتے ان کے فلیٹ سے اس وقت ملی تھی

کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے معاملے پر پولیس کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پولیس نے مرحومہ کے زیر استعمال موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک آلات کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کی ہدایت پر ایس پی کلفٹن عمران علی جاگرانی کی سربراہی میں ایک 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اس بات کی چھان بین کرے گی کہ اداکارہ کی موت طبعی، حادثاتی، خودکشی یا قتل کا نتیجہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے حمیرا اصغر کے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ کا پاس ورڈ ان کی ذاتی ڈائری سے حاصل کیا، جس کے بعد ڈیٹا تک رسائی ممکن ہوئی۔ ان آلات میں موجود پیغامات، کال ریکارڈ اور سوشل میڈیا چیٹس کا تفصیلی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے اداکارہ کے فلیٹ میں کام کرنے والے چوکیدار، صفائی کا عملہ اور رہائشی منصوبے کے دیگر عملے سے ابتدائی بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں، جب کہ مزید افراد کو بھی جلد شامل تفتیش کیا جائے گا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حمیرا اصغر روزانہ جم اور بیوٹی پارلر جایا کرتی تھیں۔ پولیس ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے جم ٹرینر، بیوٹی پارلر اسٹاف اور دیگر قریبی افراد سے بھی سوالات کیے جائیں گے تاکہ کسی ممکنہ پہلو کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ مرحومہ کا کچھ افراد سے مسلسل رابطہ رہا، جن کی شناخت اور ان سے تعلقات کی نوعیت جاننے کے لیے مکمل ڈیٹا کھنگالا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹس کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ کسی مشتبہ مالی سرگرمی یا لین دین کی نشان دہی ہو سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کسی قانونی کارروائی کے لیے باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا ہے، تاہم تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں اور جلد مکمل رپورٹ تیار کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش رواں ہفتے ان کے فلیٹ سے اس وقت ملی تھی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر عدالتی بیلف نے فلیٹ کا دروازہ کھولا تو ان کی لاش برآمد ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button