آئی سی سی کا بڑا فیصلہ: کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیاں

کیچ ریویو اب نو بال پر بھی

دبئی (اسپورٹس ڈیسک): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے وائٹ بال فارمیٹ کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اسٹاپ کلاک متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جب کہ کئی دیگر قوانین میں بھی اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، آئی سی سی نے مینز انٹرنیشنل کرکٹ کے قوانین میں متعدد ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ ان میں باؤنڈری پر کیچ سے متعلق قوانین، ون ڈے میچز میں 35ویں اوور کے بعد ایک ہی گیند کے استعمال، اور جان بوجھ کر گیند پر تھوک لگانے کے معاملات شامل ہیں۔

اسٹاپ کلاک کا اطلاق ٹیسٹ کرکٹ میں بھی

سلو اوور ریٹ پر قابو پانے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں اب "اسٹاپ کلاک” کا استعمال ہوگا۔ قانون کے مطابق ہر اوور کے اختتام کے ایک منٹ کے اندر اگلا اوور شروع کرنا لازمی ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں امپائر دو وارننگز دے گا، جس کے بعد مسلسل تاخیر پر بولنگ ٹیم پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کی جائے گی۔ ہر 80 اوورز کے بعد وارننگز ری سیٹ کر دی جائیں گی۔

تھوک سے گیند خراب کرنے پر گیند لازمی تبدیل نہیں ہوگی

گیند پر تھوک لگانے پر پابندی برقرار رہے گی، تاہم اب یہ ضروری نہیں ہوگا کہ تھوک لگنے پر فوراً گیند تبدیل کی جائے۔ اگر امپائر محسوس کرے کہ تھوک لگنے سے گیند کی حالت میں واضح فرق نہیں آیا تو گیند بدلے بغیر ہی کھیل جاری رکھا جائے گا۔ البتہ بیٹنگ ٹیم کو پانچ رنز بطور جرمانہ دیے جائیں گے۔

ڈی آر ایس قوانین میں بھی بڑی تبدیلی

نئے قانون کے تحت اگر بیٹر کو کیچ آؤٹ دیا جائے اور ریویو کے بعد یہ فیصلہ غلط ثابت ہو، لیکن بال پیڈ سے ٹکرائی ہو تو امپائر بال ٹریکنگ کے ذریعے ایل بی ڈبلیو چیک کرے گا۔ اس بار اصل فیصلہ "آؤٹ” تصور ہوگا، اور اگر بال ٹریکنگ میں امپائرز کال آئے تو بھی بلے باز آؤٹ قرار پائے گا۔

کیچ ریویو اب نو بال پر بھی

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اب اگر امپائر نو بال چیک کر رہا ہو تو ساتھ ہی تھرڈ امپائر کیچ کی درستگی بھی دیکھے گا۔ اگر کیچ درست ہو تو صرف ایک اضافی رن نو بال کا دیا جائے گا، اور بلے باز آؤٹ ہو جائے گا۔

جان بوجھ کر شارٹ رن پر سخت کارروائی

نئے قانون کے تحت اگر بلے باز دانستہ طور پر رن مکمل نہ کرے تاکہ اسٹرائیک تبدیل کی جا سکے یا اضافی رن حاصل کیا جا سکے، تو فیلڈنگ ٹیم کو یہ اختیار ہوگا کہ اگلی گیند پر اسٹرائیک پر کون ہو، یہ وہ طے کرے گی۔ ساتھ ہی پانچ رنز کی پنالٹی بھی برقرار رہے گی۔

دیگر ترامیم اور نفاذ کی تاریخ

وائٹ بال سے متعلق تمام نئے قوانین کا اطلاق 2 جولائی سے ہوگا، جبکہ کچھ تبدیلیاں پہلے ہی 2025-27 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آغاز کے ساتھ نافذ کی جا چکی ہیں۔

آئی سی سی کے ان اقدامات کا مقصد کھیل کو زیادہ تیز، شفاف اور منصفانہ بنانا ہے تاکہ کرکٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button